چین کا نیشنل ایکشن پلان، پاکستان کے لیے لمحہ فکریہ

بسم الله الرحمن الرحیم

آج سے ٹھیک 23 سال پہلے ہانگ ہانگ چین کے پاس واپس آیا تو چین نے اسے وہ حیثئیت دی جو ہمارے ہاں صوبوں کو اٹھارویں ترمیم میں دی گئی ہے یعنی صوبائی خود مختاری۔ ون گورنمنٹ ٹو سسٹم (ایک حکومت، دو نظام) کے تحت ہانگ کانگ کو سنہ 2047 تک آزادی اظہار سمیت عدلیہ کی آزادی بھی دی گئی۔ اپریل 2019 میں اس قانون میں تبدیلی کی گئی۔ وہ تبدیلی یہ تھی کہ ہانگ کانگ کا کوئی شخص بیجنگ کو مطلوب ہے تو اس پر مقدمہ ہانگ کانگ کی بجائے بیجنگ میں چلے گا۔ اس سے پورے ہانگ کانگ شہر میں مظاہرے بھوٹ پڑے۔ ساتھ ہی جمہوریت لانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ اس میں دی۔مو۔سِستو نامی جماعت کو امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس اور آسٹریلیا کی پشت پناہی حاصل تھی۔ ان مظاہروں میں املاک کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔ تاہم، 30 جون، 2020 کو بیجنگ نے (ہانگ کانگ) کے حوالے سے نیا قانون متعارف کروایا جس کے نکات مندرجہ ذیل ہیں۔

۔ ریاست سے علیحدگی، حکومت کو گرانے کی کوشش، دہشت گردی اور بیرونی طاقتوں کے ساتھ مل کر ملک کو نقصان پہنچانے کی سزا عمر قید۔

۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچانے کو دہشت گردی تصور۔

۔ مظاہروں کے نتیجے میں گرفتار افراد الیکشن لڑنے کے لیے نا اہل۔

۔ بیجنگ اپنا ایک سیکیورٹی دفتر ہانگ کانگ میں قائم مگر اس میں کام کرنے والوں پر مقامی قانون سے استثنا

۔ سیکیورٹی دفتر مقدموں کو بیجنگ بھیج سکتا ہے۔

۔ ہانگ کانگ کے چیف ایکزیکیوٹئیو کے پاس سے ججز تعینات کرنے کا اختیار ختم۔

۔ بیجنگ کے پاس قانون کی تشریح اور اسے لاگو کرنے کا اختیار۔ اگر نیا قانون، ہانگ کانگ کے قانون سے متصادم ہے تو فوقیت بیجنگ کے قانون کو دی جائے گی۔

۔ کچھ مقدموں کو بند عدالتی کمروں میں سنا جا سکے گا۔

۔ قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں کی سرویلنس کی جائے گی۔

۔ غیر ملکی میڈیا اور این جی اوز پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔

۔ اس قانون کا اطلاق ہانگ کانگ کے غیر مستقل رہائشیوں پر بھی ہوگا۔

اس قانون کے آتے ہی ہانگ کانگ مظاہروں میں شرکت کرنے والوں اپنے شوشل میڈیا اکاونٹس بند کرنے شروع کردیے۔ ساتھ ہی سیاست دانوں نے اپنی پوسٹس ڈیلیٹ کرنا شروع کردیں تاکہ مسئلے کی صورت میں انکی انتخانی مہم متاثر نہ ہو۔ دی۔مو۔سیستو نامی تنظیم، جسے مغرب کی پشت پناہی حاصل تھی، اس نے اپنی سرگرمیاں بند کردیں۔

چین کے پاس کیے گئے قانون کو دیکھئیے اور پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان کو دیکھئیے۔ ریاست پاکستان کو چاھئیے کہ نیشنل ایکشن پلان کی چین کے طرز پر کی گئی ترامیم کرے اور اسے نافذ کردے۔ جبھی ہم ملک کے غداروں سے نمٹ کر بقیہ مسائل کی طرف توجہ دے سکیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

@periqlytos

قرآن، شانِ نزول، سپریم کورٹ اور نظامِ انصاف

بسم الله الرحمن الرحیم

آجکل  سپریم کورٹ میں قاضی فائز عیسی کا کیس خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ دلائل دیتے ہوئے فروغ نسیم صاحب نے سورة البقرة کی آیت 187، هُنَّ لِبَاسٌ لَّكُمْ وَأَنتُمْ لِبَاسٌ لَّهُنَّ (تمہاری عورتیں تمہارا پردہ اور تم اپنی عورتوں کا پردہ) کا حوالہ دیا۔ سجاد علی شاہ صاحب نے پوچھا کہ اسکی شان نزول بھی بتادیں۔ پھر فرمایا کہ آپ تو اسکی شان نزول بھی نہیں جانتے کہ یہ آیت کیوں نازل ہوئی۔ نہ آپ فقہی ہیں، نہ ہم۔ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ یہ آیت اس کیس کے متعلقہ نہیں ہے۔ آپ ہمیں ایک خطرناک صورت حال کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ یوں لا یعنی اور تکنیکی پوائنٹس اٹھا کر کیس کو مزید طوالت دے کر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔

مائی لارڈ! سورة البقرة کی آیت نمبر 187 کی شان نزول پر آپ نے بات تو کردی، ذرا اسکا علمی جائزہ لیں تو پتہ چلے گا کہ جس طرح لباس اور انسان کے بیچ میں کوئی شے حائل نہیں ہوتی، اسی طرح ہی میاں بیوی کا ازدواجی رشتہ ہے جس میں کسی تیسرے انسان کا عمل دخل نہیں۔ یہ رشتہ خلوت کے لمحات سے لے کر سے لیکر گھر اور خاندان کے رازوں تک ہے۔ شوہر کی غیر موجودگی میں بیوی گھر کی امین ہے۔ ہمارے سامنے مثال سیدنا اسماعیل علیه الصلوة والسلام کی ہے جن کے نکاح کے کچھ عرصہ بعد انکے والد سیدنا ابراہیم علیه السلام انکے گھر پر آئے، حال چال  اور گھر کے معاشی حالات پوچھے۔ بہو نے تنگدستی کی شکایت کی۔ ابراہیمؑ نے بہو سے کہا کہ جب تمہارے شوہر آئیں تو ان سے کہو کہ گھر کی چوکھٹ بدل لیں۔ جب اسماعیلؑ واپس آئے اور انکی زوجہ نے پوری کہانی بتائی تو فرمایا کہ وہ میرے والد تھے اور انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ تمہیں اپنے سے جدا کرلوں۔ یوں انہوں نے اس خاتون کو طلاق دے کر دوسری شادی کرلی۔ شادی کے کچھ عرصہ بعد ابراہیمؑ اپنے بیٹے کے گھر تشریف لے گئے۔ انہیں وہاں نہ پایا۔ نئی بہو سے بھی گھر کے معاشی حالات کے بارے دریافت کیا۔ بہو نے کہا کہ الحمد للہ، وقت اچھا گزر رہا ہے۔ فرمایا، جب تمہارے شوہر آئیں تو ان سے کہو کہ گھر کی چوکھٹ سلامت رکھیں۔ اسماعیلؑ گھر آئے تو زوجہ نے ساری کہانی بتائی تو فرمایا، وہ میرے والد تھے، اور تم چوکھٹ ہو۔ انہوں نے مجھے حکم دیا ہے کہ تمہیں اپنی زوجیت میں رکھوں۔

مائی لارڈ! ثابت ہوا کہ شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے کی باتوں کا علم ہونا چاہئیے۔ اگر شوہر اپنی بیوی کے نان نفقے کا ذمے دار ہے تو بیوی، گھر کے اندر آنے والی ایک ایک پائی کے بارے میں اپنے شوہر سے سوال کرنے کا حق رکھتی ہے۔ حدیث نبویﷺ ہے۔
كُلُّكُمْ رَاعٍ وَمَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ یعنی، تم میں سے ہر شخص حاکم ہے اور اس سے اسکی رعایا کے بارے سوال ہوگا۔ قاضی فائز عیسی اپنے گھر کے حاکم ہیں، لہذا وہ اپنی زوجہ (اور بچوں) کے اثاثوں کے ذمہ دار ہیں کیونکہ شادی کے بعد وہ ہی انکے پہلے کفیل رہے ہیں۔ ان سے سوال اس لئیے بھی بنتا ہے کہ وہ ایک طاقتور پوزیشن پر ہیں لہذا وہ اپنے آپ کو ہمہ وقت احتساب کے لیے تیار رکھیں اور ٹیکنیلیٹیز میں نہ پڑیں۔ اگر وہ چاھتے ہیں کہ ایسا نہ ہو، تو ثبوت سامنے رکھ کر سب کو مطمئن اور خاموش کردیں ورنہ اپنے خیانت کی سزا پائیں، کرسی سے الگ ہوں اور کسی ایمان دار انسان کو موقع دیں۔ ورنہ سوالات اور تنقید کے نشتر برداشت کرنا سیکھیں۔

مائی لارڈ! آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ سپریم کورٹ کے باہر قرآن مجید کی آیت کا ایک حصہ آویزاں کیا گیا ہے جس کی تصویر یہ ہے

sc of pak1

یہ سورة ص کی آیت نمبر 26 ہے۔ اس کا معمولی سا پس منظر یہ ہے کہ سیدنا داودؑ اپنے وقت کے نہ صرف نبی تھے بلکہ بادشاہ بھی تھے اور قاضی، یعنی چیف جسٹس بھی۔ الله تعالی نے انہیں بیک وقت تین عہدے دیے تھے۔ ذرا دیکھئیے گا کہ الله نے اپنے نبی کو کیا نصیحت اور تنبیہہ کی ہے۔ بعدَ اعوذ بالله من الشیطن الرجیم

Ayat

ترجمہ: اے داود! ہم نے تمہیں زمین پر اپنا نائب بنا کر بھیجا ہے، پس لوگوں میں سچ پر مبنی فیصلہ کرو۔ اور مفادات کا شکار نہ ہوجانا ورنہ الله کے راستے سے بھٹک جاو گے۔ بے شک وہ جو الله کے راستے سے بھٹک جائیں، انکے لیے سخت عذاب تیار ہے کیونکہ وہ یوم حساب کو بھلا بیٹھے۔

 

مائی لارڈ! الله نے داودؑ کو نبوت اور حکومت سے زیادہ عدل کے موضوع پر آزمایا۔ آپ سے زیادہ کون جانتا ہے کہ ملکی تاریخ میں عدل کا ترازو طاقتور کی طرف جھکا ہے۔ عموما، فوج کو کہا جاتا ہے کہ اسے سیاست میں دخل نہیں دینا چاھئیے، مگر آپ لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور اس سے جڑے فائدے، آپکے فیصلوں میں واضح نظر آتے ہیں۔ اسی لیے، الله نے اپنے برگزیدہ نبی کو ایک نہیں، دو تنبیہیں کیں۔ کہ انصاف میں طاقتور کی طرف جھکاو نظر آیا تو پہلے، الله کے راستے سے دور اور دوسرا، جہنم کا عذاب۔ اسلئیے کہ منصف اگر دنیا میں کمزور کے حق میں انصاف کرے تو روز محشر اپنی جنت کھری کرلے گا۔ اور اگر طاقتور کے حق میں فیصلہ دیا تو شاید، دنیا کا عروج پاجائے مگر جہنم کا ٹھکانہ پکا کر بیٹھے گا۔ اگر الله، اتنے سخت الفاظ اپنے نبی کو کہہ رہا ہے تو، مائی لارڈ! آپکی کیا حیثئیت ؟

مائی لارڈ! الله نے آپکو انصاف کرنے کے لیے منصب پر بٹھایا ہے۔ اگر انصاف کرسکتے ہیں تو ایسا کیجئیے کہ ملک میں پِسی عوام کو نظر آئے کہ طاقتور کا احتساب ہو رہا ہے۔ اگر ماضی کا رویہ برقرار رکھنا ہے جس میں شواہد ہوتے ہوئے بھی عدلیہ پر حملے کرنے والوں، کھربوں لوٹنے والوں، ماڈل ٹاون میں دن دہاڑے معصوموں کا قتل کرنے والوں، بے ںظیر کی موت کے ذمہ داروں، پولیس مقابلوں میں بے قصوروں کو موت کے گھاٹ اتارنے والوں، بلدیہ ٹاون میں 260 لوگوں کو زندہ جلانے والوں، الیکشنوں میں دھاندلی کرکے اقتدارمیں آنے والوں، منی لانڈرنگ کرکے تمام براعظموں میں جائدادیں بنانے والوں، وکلا کا ہسپتال میں گھس کر مریضوں کے مارنے والوں سمیت لا تعداد جرائم کا خاموشی سے ساتھ دینا ہے، تو دست بستہ آپ سے گزارش ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر سے قرآن مجید کی آیت اتار دیجئیے کیونکہ سپریم کورٹ ہر روز، توہین قرآن کی مرتکب ہو رہی ہے۔ بحیثئیت قوم، ہم جان چکے ہیں کہ انصاف کی لو، آپکے در پر آکر بجھ جاتی ہے۔

مائی لارڈ! میری تمام باتوں کو نظر انداز کردیجئیے گا۔ البتہ، آپ پر چارج شیٹ، نسیم حسن شاہ کر گئے تھے۔ افتخار احمد کے ساتھ  انکا انٹرویو ضرور دیکھئیے گا۔ شاہ صاحب نے کہا تھا ”جب ججز کی نوکری کا مسئلہ آتا ہے تو تمام جج اتنے بہادر نہیں ہوتے کہ اپنی نوکریوں کو قربان کرے انصاف کریں“۔ ججز کی سیاسی نوکری ہی مجرموں کو فائدہ دیتی ہے۔ یہی انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ اوپر دی گئی آیت کا شانِ نزول دوبارہ دیکھئیے اور سوچئیے کہ آپ کہاں کھڑے ہیں۔ فیصلہ آپ پر چھوڑتا ہوں۔

––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––––

ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

@periqlytos

پاکستانی جمہوریت کے حق میں ایک غریب ووٹر کا اپنے پارٹی لیڈر کو خط

سلام و آداب

میرے محترم لیڈر۔ آپ کو پارٹی نے ٹکٹ دیا، سن کر دلی خوشی ہوئی۔ پچاس سال سے میرے باپ دادا کا ووٹ آپ کی جمہوریت پر قربان رہا۔ میری کیا مجال کہ میں کبھی غلطی سے بھی کسی اور کو ووٹ دوں۔ پانچ سال سے آپ کا حلقے میں آنا جانا بہت کم ہے، مجھ فقیر کو علم ہے، کچھ زاتی مصروفیات ہونگی۔ ظاہر ہے، جمہوریت اتنی بھی سستی نہیں جو ہماری قربانیوں سے آئے۔ وہ تو آپکی قربانیوں سے آئی ہے۔ اسی کی بدولت تو آپ اقتدار میں آئے۔ مخالفین سے آپ کی ترقیاتی کام برادشت نہیں ہوئے۔ جبھی تو، وہ آپکے پاوں کی خاک کے برابر بھی نہیں ہیں۔ارے صاحب۔ یوم جزا کا انتظار کیوں کرتے ہو؟ میری مانو اور مخالفین کے اچھے اعمال اپنے سر لو اور اپنے گناہ ان کے سر ڈال کر جمہوریت کی جنت کے مزے لوٹو۔ ہے نا اچھا آئڈیا؟

ایک تازہ ترین صورتحال بتانی تھی کہ حلقے کی حالت ویسی ہے جہاں اپ چھوڑ کرگئے تھے۔ تعمیراتی فنڈز لے کر جو سڑکیں پکی کروائی تھیں، وہ اتنی حسین ہیں کہ خلائی مخلوق کی بنائی ہوئی سی پیک کی سڑک اس کے آگے شرما جائے۔ جگہ جگہ گندی نالیاں اور ابلتے گٹر دراصل دودھ اور شہد کی نہریں ہیں۔ نہ جانے لوگوں کو کیوں اس سے تکلیف ہے۔ ارے جناب۔ آپ کیا جانیں، پانی کی نکاسی کا نظام شاید شہر اندلس کو مات دے دے۔  جمہوریت ہے ہی اتنی حسین کہ اسکی خوبصورتی کی تاب نہ لاتے ہوئے ہم ہر روز اپنے ہاتھ کاٹ کر کہتے ہیں کہ ایسا حسن کبھی دیکھا نہیں۔  کبھی کبھی تو جمہوریت سے اتنا ڈر لگتا ہے کہ شاید اس پر فریفتہ ہو کر اسکی قمیض ہی نہ پھاڑ دیں۔ اب بھلے وہ آگے سے پھٹے یا پیچھے سے، یہ بعد کا موضوع ہے۔

صاف پانی کا تو نہ ہی پوچھئیے۔ یہاں تو لائن کا ایسا وعدہ ہوا ہے کہ پناہ خدا ۔ ٹینکیاں آپ نے جس ٹھیکے دار سے لگوائی تھیں، وہ جمہوریت کی بدولت اب امیروں کی فہرست میں آتا ہے۔ اچھی بات یہ کہ ٹینکیوں کے نلکے اب موجود نہیں۔ بجلی تو جمہوریت کے چرن چھوتے ہی غائب ہوگئی اور سولر سسٹم پر چلتی لائٹیں، چند کونسلر اپنے گھروں میں لے گئے۔ ظاہر ہے، جب ووٹ انہیں بتی کی صورت میں ملا تو انصاف کا تقاضا ہے کہ انہیں روشنیاں بھی ہم سے زیادہ ملیں۔ رہی بات، سکول اور کالجوں کی، ان کے افتتاح کے بورڈ آج بھی اپنی جگہ قائم ہیں۔ نوکریوں کے تمام وعدے ابھی تک زندہ و تابندہ ہیں، البتہ جو مخالف تھے ان کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ کچھ کو خاموشی کے بدلے پارٹی کے عہدے ملے تو کچھ کو کونسلر لگوا دیا گیا۔ یہ سب جمہوریت کی کرم نوازی سے مل گئے۔ سب بہت خوش ہیں، کسی نے پراڈو خریدی تو کسی نے کرولا۔ مگر عوام کے پیسوں پر، کسی کا ہاتھ نہیں ہولا۔ بڑے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں پارٹی لیڈر سمیت تمام کونسلرز کی خدمت میں حاضر ہونے میں کوئ مشکل پیش نہیں آتی، کیونکہ انکے گھر کے رستے پکے ہیں۔

آپ یا آپ کے نمائندے، اقتدار میں آنے کے بعد، جب وقت ملے تو ہم غریب ناداروں پر احسان کرنے کے لیے، لمبی لمبی، فراٹے بھرتی پروٹوکول کی گاڑیوں میں، ہماری عزت افزائی کرنے آ جاتے ہیں۔ ہمارے نصیب ہی اتنے اچھے ہیں کہ آپ کی شان و شوکت کی لاج رکھنے کے لیے، بچوں کو صاف کپڑے پہنا کر، ہاتھ باندھے، کڑکتی دھوپ میں، قطار اندر قطار فوٹو شوٹ کے لیے کھڑے ہوکر آپکے جاہ و جلال کو مزید توقیر بخشتے ہیں۔ شکایتوں سے سیراب لبوں کو ایسے سیتے ہیں کہ غیروں کے سامنے گلہ کرنے سے گریزاں رہتے ہیں تاکہ عزت مآب کی طبع نازک پر کوئی شبد نا گوار نہ گزرے۔ بس، خاموشی کا لبادہ اوڑھ کر زندگی گزارے چلے جاتے ہیں۔

جناب والا۔ موجودہ صورتحال میں آپکی جمہوریت نے ایسی بے پناہ ترقی کی ہے کہ اسکولوں کی ضرورت ہی نہیں۔ جو پرانے اسکول تھے ان میں باتھروم نہیں تھے۔ جمہوریت کی نظر ایسی لگی کہ وہ اسکول اب بات روم بن گئے ہیں۔ بس دکھ اس چیز کا ہے کہ ان پر فائو سٹار کی تختی، آپکی تصویر کے ساتھ نہیں لگی۔ کالج کی عمارت اسی ٹھکے دار نے بنوائی تھی جس کا ذکر میں نے اوپر کیا۔ حضور۔ وہ بہت خوش نصیب ہے۔ کالج کی تعمیر کا کام دیکھنے کے لائق ہے۔ سنا ہے کہ رات کو موالی اپنی تعلیم میں اضافے اور دیگر، اپنی ادھوری پڑھائی مکمل کرنے کے لیے وہاں کا رخ کرتے ہیں۔ جو تھوڑا بہت کام، حاتم طائی کی قبر پر لات مار کر فلاحی کی غرض سے شروع کیا تھا، ان کی باقیات، قوم ثمود کے زمانے کا پتہ دیتے ہیں۔ دل کرتا ہے، جھک کر سلام جمہوریت پیش کیا جائے۔ حضور۔ آپ نے قبر پر لات ماری، آپ زخمی ہوئے، ہمیں حکم کرتے، ہم اپنا نقصان کرتے۔ آپ کا بنیادی سہولتوں سے محروم ہسپتال، ہم کمی کمینوں کے لیے ہے، یہ آپ کے شایان شان علاج کا متحمل نہیں۔ اتنا کہنا ہے کہ آپ اس باتھروم نما سکول، کالج اور ہسپتال پر جگمگاتی، چمچماتی تختی لگوا کر ہم اور ہمارے پرکھوں پر احسان کردیں۔ اتنی سی ایک عرضی ہے، آگے آپ کی مرضی ہے۔

ایک بات کہتا ہوں، برا نہ مانئیے گا۔ تھوڑا ڈر لگتا ہے۔ تعریف کا پل باندھنے لگا ہوں، براہ کرم نہ توڑئیے گا۔ آپ پر تو پی آئی اے کا نعرہ، “باکمال لوگ، لا جواب سروس” صادق آنے لگا ہے۔ آپکی رشق قمر شخصیت کی نظر کرم جن لوگوں پر ہے وہ بھی با اثر ہوتے جا رہے ہیں۔ چھوٹے چور، بھتہ خور، منشایت فروش اور حرام خور، ایسے طاقت ور ہوتے جا رہے ہیں کہ جسکی نظیر نہیں ملتی۔ یہ کسی اور کا نہیں، صرف جمہوریت کا طرہ امتیاز ہی ہوسکتا ہے۔ آپ کا اپنا گھر محل سے کم نہیں، کھبی دیکھنے کا شرف حاصل نہیں ہوا۔ بس سنا ہے کہ بہت خوبصورت ہے۔ بڑے بڑے لیڈران و افسران کی حاضری لگتی ہے۔ کچھ خوشامدی بھی مفادات کے لئے ہمہ دم حاضر خدمت ہیں، جو آپ کو طاقتور بنانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ آپ آنے والے وقت میں انہیں ہم غریبوں کے ٹیکس کے پیسوں سے ضرور نوازیں گے۔ آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ جس معزور کو اپ ہمشہ کیمروں کے آگے گلے لگاتے تھے، وہ آج کل بہت دکھی ہے کیوں کے اسے اپنی معذوری کے علاج سے زیادہ اپنے آپ کو ٹی وی پر آپکے ساتھ بغل گیر ہوتے دیکھنے کی خواہش ہے۔ براہ کرم اسکی یہ خواہش پوری کرکے ہماری خوشیوں میں اضافہ کیجئیے۔

حضور۔ میرا ووٹ آپکے لیے تیار ہے۔ قیادت نے آپکو ٹکٹ دیا، اسلئیے ووٹ بھی آپکا۔ کیونکہ میں جانتا ہوں کہ جو پچاس سال تک ہوتا رہا، اس بار بھی ڈنکے کی چوٹ پر ہوگا۔ جناب کی سیاست کو کون نہیں جانتا۔ جن کو آپ نے نوازا، ان کو بھی اقتدار میں آنے کا شوق ہے۔ مگر مجھے کوئی پریشانی نہیں۔ میرا سودا کب کا ہوچکا، میں بنا بتائے بک گیا، آج اقتدار آپ کے پاس، کل کسی اور کے پاس ہوگا۔ لہذا، میں دعوت دیتا ہوں۔ آئیے، مجھے نچوڑیے، میرا ہی خون پیجئیے۔ مجھے اچھے دنوں کی امید دلا کر دلاسا دیتے رہئیے۔ بخدا، مجھے آپ سے کوئی شکایت نہیں ہوگی۔ آپ کا اقتدار، رہے برقرار۔ ہمارے بڑوں نے بھی آپ کو ووٹ دیا۔ میں اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل کر اپنے آنے والی نسل کو بھی اس کی ترغیب دوں گا۔ سرکشی میں کر نہیں سکتا کیونکہ میں اس قابل ہی نہیں۔ از راہ مہربانی، میری باتوں کو بغاوت نہ سمجھا جائے کیونکہ باغی، آپکے راج میں چل نہیں سکتے۔ اس لئے تمام مخالفین کو ساتھ ملائیے۔ جو حکم ہو، صادر کر دیجئیے۔ میں ہمہ تن گوش، یہ نعرہ مستانہ لگاتے ہوئے آپکے ساتھ رہوں گا کہ؛
“قدم بڑھاو، اے لیڈر، ہم تمہارے ساتھ ہیں”

اگر گستاخی سرزد ہوگئی، تو ہاتھ جوڑ کر اپ سے معافی کا طلبگار ہوں۔

والسلام،
آپ کا ووٹر۔

———————————————————————————————————–

@periqlytos ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

The Coalition vs Pakistan

Dear Reader!

Its an old post which was saved in the drafts. I got a chance to post it after forgetting about it for a couple of years. Please read and give your valuable feedback.

———————————————————————————————————————

 

If we were to read the book of John Perkins “Confessions of an economic hitman”, he has talked about Saudi Arabia. How the country got modernized after he (Perkins) was sent as an Economic Hit man. That plan was paired with Bretton Woods doctrine (selling oil only in US Dollars). The plan was that all that money will be paid to American corporations in exchange for oil. Further R & D on those projects must also be done by the same companies. They’d be paid in US Dollars rather than Saudi Riyals (which would’ve benefited Saudi Arabia). The profit from that oil would be kept in American banks. The interest earned from that money will be used to send US troops to defend and save the Al Saud family in the event their country falls into chaos.

 

The creation of this coalition comes when US military is already overwhelmed with conflicts with both Afghanistan and Iraq. The troops are also stationed in Qatar as well as Okinawa, Japan and South Korea to prepare for a possible conflict with North Korea. There are talks about about military intervention in Venezuela via Colombia, as Maduro is losing grip on the country. As a result, there is a resentment in US DOD about sending more troops overseas. The 2 conflicts mentioned above have already taken a toll on the US economy. No reasoning will convince the citizens or DOD to send more troops on the cost of cutting school education, urban housing and health programs.

 

Obvious pretext used for this alliance is fighting terrorism. But the irony is that Iran is not in it. That is a clear indication that Saudi Arabia wants to use it to defend its territory and hegemony. More than 35 percent of Saudi military has Yemenis in it and they have refused to participate in the conflict with Yemen for obvious reasons. Pakistan has been dragged into it unnecessarily. To me, the reasons are quite obvious. For one, Pakistan is being punished for its refusal to send its troops to Iraq in 2003, Syria in 2013 and Yemen in 2015. By sending its troops, the defense of the country would be jeopardized, something all Chief of Army Staffs as well as the ISI realized before all of us could ever do. Second is that Pakistan does not want to be a party between the Saudi-Iran war of turf and influential politics. Hence, this coalition will be used to put the words of Perkins in action, i.e, defend Saudi Royal family rather than combating terrorism which may be a huge set back and an embarrassment for the image of Pakistan on global scale.

 

Under General Raheel’s leadership, we achieved peace after years of blood shed, hence returning to past is not desired by the populace but international powers are expressing their desire to steer events in that direction and the creation of this coalition is one of many shining proofs. What adds fuel to the fire is our weak and apologetic foreign policy. We know the goals to achieve but lack the voice to get it across. We have spineless leaders who have a record of criticizing their own country to boost their rankings in the eyes of the enemy. This is certainly not in our favor. They have thrown us under the bus so if anything goes wrong, they’ll know who to blame. We can’t rely on Army for everything as they’re the only ones who show courage during time of crisis. They can only do so much in the face of all conflicts. Our population is more than 200 million. People with a backbone of steel could be found. They can help us taking command of our country.

 

This puzzle must be solved before its too late. Yes, there is no force that can undo Pakistan but sitting idle certainly will not help either; for the Word clearly says that “Allah doesnt change the condition of the people until they change whats in themselves. And when Allah intends ill for a people, then none can avert it. Nor there is a defender besides Him”. (Al Quran 13:11)

 

Only if we could understand.

خواجہ اظہار پر حملہ، معصومیت، مظلومیت یا کچھ اور

ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن قاتلانہ حملے میں زندہ بچ گئے۔ اس پر رب کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔ جہاں پوری قوم کو بے یقینی کی نئی لہر نے جکڑا ہوا ہے وہاں میری ادنی سی کوشش ہے کہ عوام کی توجہ اس کی ٹائمنگ اور اس کے ممکنہ پس منظر (یا مناظر) کی طرف بھی دلاوں تاکہ قوم کی آگہی میں کچھ اضافہ ہوسکے۔

سب سے پہلے کراچی کی حالیہ مرد شماری کی بات کروں گا جس میں شہر کی آبادی دو کروڑ سے کم کرکے 1 کروڑ  4 لاکھ کے بھگ بتائی گئی ہے۔ اس کو سیاسی جماعتوں نے رد کردیا ہے۔ مگر اس کے پیچھے ایک واضح وجہ کار فرماں ہے۔ جب شہر میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہو، آئے روز ایک فون کال پر شہر بند ہوجائے جس سے شہر اور ملکی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہو، جہاں تاجروں سے بھتہ وصول کیا جائے اور صوبائی حکومت میں بیٹھی تمام جماعتیں بالخصوص متحدہ قومی موومنٹ خاموش تماشائی بنی رہے تو خود ہی سوچئیے، کہ نقلِ مکان و معاش تو ناگزیر ہوگا۔ بھلا کون عقل کا اندھا اس اندھیر نگری میں اپنی زندگی جوکھوں میں ڈال کر جیے گا۔ وہ تو بھلا ہو رینجرز کا کہ مارچ 2015 میں متحدہ کے نشانہ وار قاتل پکڑ کر شہر کو وہ زندگی پھر سے دی جو ایک زمانہ قبل اس سے چھینی جا چکی تھی۔

بڑھتے ہیں سنہ 2017 کی جانب۔ شہر کے نظام کی کنجی کس جماعت کے ہاتھ میں، جواب آپ بخوبی جانتے ہیں مگر گورننس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ 1988 سے اقتدار میں رہنے کے باوجود شہر کی یہ حالت کہ جا بجا گندگی کے ڈھیر، مگر رونا اختیارات نہ ملنے کا۔ ان سے کوئی یہ سوال کرے کہ ووٹ کیا اسی کام کے لیے لیے تھے؟ اس بات کا جواب عموماً مظلومیت کا رونا رو کر دیا جاتا ہے۔ یقین نہ آئے تو انٹرنیٹ پر مختلف چینلز کی فوٹیج دیکھ لیجئیے۔ اربوں روپوں کے فنڈز سے لندن، کوالا لامپور، جوہانیسبرگ اور ٹیکساس میں جائدادیں اور بزنس خریدے گئے مگر جس شہر نے آپکو عزت دی، اسکے لیے کچھ نہ کرسکے۔ ایک لمحے کو سوچئیے کہ متحدہ کے حیدر عباس رضوی اور بابر خان غوری کہاں ہیں؟ ان کے ٹاٹھ باٹھ اور عیاشیاں کسی رئیس کا پتہ دیتی ہیں۔ مگر ان کے دعوے کچھ اس طرح کے ہوتے تھے “جی متحدہ قومی موومنٹ مڈل کلاس اور لوور مڈل کلاس کی نمائندہ جماعت ہے”۔ حضور! مان لیا، اگر آپ کی بات درست تو فرمائیے کہ حالیہ سیلاب میں بلدیہ کہاں تھی؟ جواب ندارد۔ سب سے قریبی جواب “جمہوریت” کے لیے دی گئی قربانی کی شکل میں ملے گا یا موضوع بدل کر پاک فوج کو 1992 کے کیے گئے آپریشن پر کوسا جائے گا۔ جی ہاں! وہی پاک فوج (اور پاک بحریہ کے جوان) جنہوں نے پانی مین پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال کر خدمت کی ایک اور مثال قائم کی۔ سوچئیے کہ عوام نے ووٹ تو سول حکومت کو دیا مگر دوران سیلاب وہی حکومت ان کی مدد کو نہ آئی۔ گورننس کے دعوے میڈیا پر براہ راست دکھائے گئے جو کسی زناٹے دار طمانچے سے کم نہیں تھے۔

سٹریجی مرتب ہوتی ہے تاکہ خفگی مِٹے  اور مظلومیت دِکھے۔ اسی طرح ہی خبروں میں زندہ رہا جا سکتا ہے۔ اگلے ہی دن سرخی آتی ہے کہ خواجہ اظہار پر حملہ ہوا مگر وہ بچ گئے۔ تصاویر پر غور کیجئیے گا۔ سر پر ٹوپی پہنی ہے تاکہ معصومیت کا راگ الاپا جائے۔ ہائے! اس سادگی پر کون نہ مر جائے اے خدا۔ پھر یہ بیان بھی دیکھا کہ ان کی مخبری ان کی اپنی ہی جماعت کے لوگوں نے کروائی۔ یہ بات بہت حد تک تسلیم کی جا سکتی ہے کیونکہ متحدہ کے سابقہ لیڈر بالخصوص ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتل بھی ان کی اپنی ہی جماعت کے ہیں۔ شاید خواجہ اظہار پر حملہ کروا کر مظلومیت کا رونا رو کر عوام سے ووٹ مانگا جائے۔ یہ طریقہ کس حد تک کامیاب ہوگا، کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ البتہ حملے کا الزام انصار الشریعة پر بھی لگا ہے جو القاعدہ کی ذیلی جماعت ہے۔ یاد رہے کہ القاعدہ اب داعش میں ضم ہوچکی ہے۔ کیا خواجہ اظہار یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ داعش کا وجود پاکستان میں ہے جب اس کی واضح نفی ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور جولائی میں کر چکے ہیں۔ مزید یہ کہ داعش کی افغانستان سے پاکستان میں داخلے کو روکنے کے لیے آپریشن خیبر 4 شروع کیا گیا تھا۔ اگر خواجہ اظہار اس آپریشن کے بارے میں غلط رائے رکھتے ہیں تو کلبھوشن یاداو کی وہ بات سچ ثابت ہوتی ہے کہ پاکستان میں اسکی سیاسی جماعتوں کے ذریعے ہی ملک میں بد امنی پھیلائی جائے تاکہ ملک کمزور ہوجائے۔ اس میں خاص طور پر کراچی، کوئٹہ اور تربت کا ذکر تھا۔ کلبھوشن نے اعترافی بیان میں کیا کہا، محترم جاوید شیخ صاحب کی ٹویٹس میں دی گئی ویڈیوز میں دیکھئیے

کلبھوشن کی اعترافی ویڈیو نمبر 1

https://twitter.com/javaidShaikh/status/899923400415600640

کلبھوشن کی اعترافی ویڈیو نمبر 2

https://twitter.com/javaidShaikh/status/899925665763536896

کلبھوشن کی اعترافی ویڈیو نمبر 3

https://twitter.com/javaidShaikh/status/899927053528596481

میری رائے میں متحدہ کو خواجہ اظہار کے ذریعے دیے گئے بیان کی منطقی وضاحت کرنا ہوگی۔ معصومیت اور مظلومیت کا رونا قصہ ماضی بن چکا۔ جواب دینا ہوگا، حساب دینا ہوگا۔ اب متحدہ یہ کہنے کا جواز کھو چکی ہے

جواب دینے کی مہلت نہ مل سکی ہم کو

وہ پل میں لاکھ سوالات کر کے جاتا ہے

_________________________________

ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

@periqlytos

شہباز شریف کا تابناک ماضی

ٹہنی پہ خموش اک پرندہ

ماضی کے الٹ رہا ہے دفتر
رئیس امروہوی کے اس شعر کے مصداق راقم الحروف ماضی کے جھروکوں کو جھانکتے اور اخباروں کی خاک چھانتے ہوے مستقبل کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کا ماضی ٹٹول رہا تھا۔ ہر جگہ حدیبیہ اور (تین سال پہلے) سانحہ ماڈل ٹاون کے قصے نظر آئے مگر ایک ایسی خبر دیکھی جس نے چونکا کر رکھ دیا۔ مزید اور تحقیق کی تو کچھ چیزیں بھی سامنے آئیں جنہیں میں اپنے پیارے ہم وطنوں کے آگے رکھنا چاھوں گا۔ یہ بھی عرض کردوں کہ محترم عدلیہ کا شریف خاندان کو دیے گئے “گاڈ فادر” اور “سیسلین مافیا” جیسے  القابات کو ذہن میں رکھ کر اگلی سطریں پڑھی جائیں۔ 
چھوٹے میاں صاحب کو یاد ہوگا کہ جب 1998 میں وہ پنجاب کے وزیر اعلی تھے تو پنجاب پولیس میں ماورائے عدالت قتل کی وارداتیں بہت عام تھیں۔ پنجاب پولیس کا نوید بٹ، المعروف، نیدی پہلوان، انڈر ورلڈ کے گینگسٹر، تیفی بٹ کے ساتھ مل کر وارداتیں کرواتا تھا۔ اسی سال نیدی پہلوان نے حنیفا نامی ایک بدمعاش کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کردیا۔ دوران حراست، حنیفا نے کہا کہ اگر اسکو رہا نہ کیا گیا تو وہ شریف برادران کی اصلیت قوم کے سامنے لے آئے گا۔  نیدی نے یہ بات شہباز شریف کو بتائی اور بعد ازاں ان کے حکم پر حنیفا سمیت، شفیق، ہمایوں گجر، ثنا گجر، ناجی بٹ اور کالی کو ماورائے عدالت قتل کروا دیا۔ نیدی پہلوان کو پولیس فورس سے نکال دیا گیا، نیب نے کیسز بنا دیے اور وہ برطانیہ فرار ہوگیا۔ 2005 میں وہ اپنی برطانوی نژاد بیوی اور بچوں کے ہمراہ واپس وطن پہنچا اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہوگیا۔ نومبر میں کسی زمین کے تنازعے پر اسے اسکے محافظوں، مقصود احمد (عرف پٹھانے خان) اور نصیر خان سمیت گولیاں مار دی گئیں۔ نیدی پہلوان موقع پر ہلاک، مقصود احمد ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ نصیر خان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اسکے بعد سے یہ قضیہ سرد خانے کی نذر ہوچکا ہے۔
سنہ 2008 میں شہباز شریف جب صوبائی الیکشن کے لیے نامزد ہوئے تو ان پر اسی ماورائے عدالت قتل کا الزام تھا جسے انہوں نے عدالت سے “ڈسمس” کروایا۔ وکی لیکس کے مارچ 2008 کیبلز کے مطابق انکی انتخابی مہم پر سعودی عرب نے بے پناہ رقم خرچ کی تھی۔ یہیں سے بات سمجھ میں آجاتی ہے کہ ن لیگ کے کالعدم تنظیموں سے تعلقات ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ریٹائرڈ کرنل شجاع خانزادہ صاحب کو وزیر داخلہ پنجاب لگایا گیا مگر انہیں اگست 2015 میں شہید کردیا گیا۔  شاید یہی وجہ ہے کہ پاک فوج، پنجاب میں آپریشن نہیں کرپا رہی۔ 
میری سپریم کورٹ سے مودبانہ درخواست ہے کہ مندرجہ بالا بیان کیے گئے واقعات کی مزید تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ نیز اس چیز کی بھی تحقیق کریں کہ شریف برادران فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔ بیس کروڑ عوام میں صادق و امین لوگوں کو ڈھونڈنا مشکل نہیں۔ ملک انصاف کی راہ پر تو چل نکلا ہے۔ اُسے اسی پٹری سے اتار کر واپس اسے مایوسیوں کے اندھیروں میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ بہترین لوگوں کو لا کر ہی پیارے وطن کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ شاید عدلیہ کے حالیہ فیصلے نے امید کچھ یوں دلا دی ہے
ہمیں خبر ہے کہ ہم ہیں چراغ آخر شب

ہمارے بعد اندھیرا نہیں اجالا ہے

پانامہ قضیہ،مسئلہ فلسطین اور پاکستانی میڈیا

پانامہ کے ہنگامے نے ملکی میڈیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ ہر صحافی اور اینکر اپنے انداز اور مختلف زاویوں سے آراء قائم  کرکے خبروں کا پیٹ بھر رہا ہے۔ نواز شریف کی نا اہلی کے فیصلے عدالت کی بجائے تبصروں سے ہو رہے ہیں۔ کہیں بھولے سے یہ خبر آئی کہ برازیل کے سابق صدر لویز ایناسیو دا سیلوا کو کرپشن کی پاداش میں دس سال کے لیے جیل ہوگئی مگر ان کی کرپشن پر کوئی تبصرہ نہیں ہوا۔ (وہ جاننے کے لیے میری بلاگ پوسٹ یہاں پڑھئیے)۔ یوں سمجھ لیجئے کہ بے جا و بے ہنگم تبصروں نے ہمارے میڈیا کو تجزئیات کے سنڈاس میں یوں بدل دیا ہے کہ اس سے نکلنا بہت حد تک محال نظر آتا ہے۔ 

انبیاء علیہم السلام کی سرزمین، ارض فلسطین میں حالیہ بے چینی پانامہ کی لفاظیوں کی نذر ہوگئی ہے۔ 14 جولائی کو، مسجد اقصی شریف کے قریب دو اسرائیلی پولیس افسروں کو قتل کردیا گیا، جس کا الزام فلسطینیوں پر لگا اور اجتماعی خمیازہ بھی انہی کو بھگتنا پڑا۔ اگلے ہی دن، مسجد اقصی، 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد پہلی مرتبہ نماز جمعہ کے لیے بند کردی گئی۔ مسجد کے امام، شیخ محمد احمد حسین نے اسرائیلی پابندیوں کے خلاف، دس ہزار نمازیوں کی امامت کی۔  نماز کے فوری بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے بیچ جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ صدر محمود عباس ابو مازن، کچھ دن بعد، خواب غفلت سے بیدار ہو کر اچانک متحرک ہوئے اور مسجد اقصی میں اسرائیلی پابندیوں کے خلاف “یوم الغضب” کا اعلان کر گئے۔ فلسطینی، سڑکوں پر نکل آئے۔ قابض فوجیں بھلا کہاں چپ رہتیں، ڈرپوک صہیونی، نہتے فلسطینیوں سے الجھ گئے اور ان پر ربر بُلیٹس فائر کردیں۔ نتیجتاً، سینکڑوں زخمی ہوگئے جن میں یوروشلم کے سابق مفتی، شیخ عکرمہ صبری بھی شامل تھے۔ ہمارے میڈیا اور سوشل میڈیا میں اس واقعے کو کتنی کوؤریج ملی، اسکا آپ خود اندازہ لگا لیجئیے۔ 

مسجد الاقصی

میرا میڈیا سے ایک چبھتا سوال ہے کہ فلسطین جیسے اہم مسئلے پر بات کرنے سے کیوں ڈرتے اور کتراتے ہیں؟ کیا آپ کے مالکان نہیں چاھتے کہ قوم میں ردی برابر آگہی آئے؟ کیا آپ بھول گئے کہ صحافت میں بہادری کی مثال مولانا محمد علی جوہر ہیں، جنہوں نے کلکتہ میں “دا کومریڈ” نامی انگریزی اخبار نکالا جسے ہندوستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں دلہی میں اردو اخبار “ہمدرد” نکالا، جس میں انہوں نے بلقان کی 1911 اور 1912 کی اس جنگ کے بارے میں لکھا جس میں سربیا، بلغاریا، فرانس، اٹلی اور یونان نے برطانوی سامراج کے ساتھ مل کر خلافت عثمانیہ کی بنیادیں ہلا دیں۔ نتیجتاً، لیبیا پر اٹلی کا قبضہ ہوگیا۔ مولانا نے دونوں زبانوں کی اخباروں میں اس جنگ کے خلاف آواز اٹھائی اور برطانیہ کی بلقان ریاستوں ریاستوں کی مدد کی بھرپور مذمت کی۔ بعد ازاں خلافت عثمانیہ کے زوال کے بعد برصغیر اور مشرق وسطی، بالخصوص فلسطین میں دگرگوں ہوتے حالات پر اردو زبان میں قلم آزمائی کی۔

دا کامریڈ اور ھمدرد

 ان کاوشوں پر انہیں پابند سلاسل کردیا گیا۔ ان کی دونوں بیٹیاں ان کی زندگی میں علیل ہوگئیں۔ برطانوی راج نے چاہا کہ مولانا اس سے معافی مانگ لیں تاکہ وہ اپنی بیٹیوں کی عیادت کرسکیں۔ مگر انہوں نے برطانوی راج کے آگے سر جھکانے سے انکار کردیا۔ یوں، دونوں دختران، طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ خود مولانا کی وفات لندن میں جنوری 1931ء میں ہوئی۔ انکا جنازہ فلسطین کے مفتی، امین الحسین نے پڑھایا اور انہیں وصیت کے مطابق، بیت المقدس الشریف کے قریب دفن کیا گیا۔ آج فلسطین میں انہیں “مجاھد العظیم مولانا محمد علی الہندی”، یعنی ہند کے مجاہدِ عظیم، محمد علی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ 

مولانا محمد علی جوہر کا مزار

ایک وہ میڈیا تھا جو صحیح اور درست خبروں سے قارئین کو آگاہ رکھ کر اپنی مثال قائم کرتا تھا اور ایک آج کا میڈیا ہے، جہاں منگھڑت اور پلانٹیڈ خبریں لگا کر قوم کو رسوا کیا جاتا ہے۔ اِن اداروں کے چلانے والے چند وہ لوگ ہیں جن کے چرِتّر اور کردار کے بارے میں بابا اقبال کہہ گئے تھے

جعفر از بنگال و صادق از دکن

ننگ آدم، ننگ دین، ننگ وطن

بے ڈھنگ اور لغویات سے بھرپور موضوعات کے چناو اور بے جہت گفتگو نے عوام کو ایک عجیب کیفیت میں مبتلا کیا ہوا ہے۔  میڈیا بریکنگ نیوز اور ریٹنگز کی دوڑ میں اندھے ہو کر “اندھے کو اندھیرے میں بہت دور کی سوجھی” کے مصداق، تمام اقدار پامال کر کے شرمناک حد تک آگے یوں نکل گیا ہیں کہ اصل معاملات کی طرف واپسی ممکن نظر نہیں آتی۔ پانامہ کے قضئیے کو ہی دیکھ لیجئیے؛ اس حد تک کوؤریج ہو رہی ہے جیسے دنیا کے دیگر موضوعات ہی ختم ہوگئے۔ کشمیر کا مسئلہ بھی بہت حد تک دم توڑ گیا ہے۔ آج فلسطین میں دوسرے ہفتے بھی مسجد اقصی نماز جمعہ کے لیے بند رہی۔ قابض صہیونی فوجوں کے ساتھ جھڑپ میں کئی فلسطینی شہید، اور بہت سے زخمی ہیں۔ میڈیا پر تبصرہ اور نہ ہی خبر پر نقد و نظر۔ بس، سناٹے کی مانند مکمل خاموشی اس کے تغافل کا پیغام دے رہی ہے۔ 
اگر میڈیا کی فلسطین کے معاملے پر سرد مہری کے بارے میں بازپرس کریں تو “آزادی صحافت” خطرے میں پڑ جاتی ہے اور “صحافتی اقدار” پامال ہوجاتی ہیں۔ امت ڈوب جاتی ہے تو ڈوبے۔ میڈیا کی بلا سے۔ بھلا وہ کیوں بابائے قوم کی فلسطین کی حمایت میں کی گئی تقریر سے قوم کو آگاہ کریں گے۔ حضرت قائد اعظم (رح) نے نومبر 8، 1945 کو فرمایا تھا؛ 

“ہم مسلمانانِ ہند، اس مسئلے (مسئلہ فلسطین) پر عرب دنیا کے ساتھ ہیں۔ یہ سوال یہودیوں کا فلسطین کو اپنا وطن بنانے کا نہیں، بلکہ یہودیوں کا برطانوی خنجروں اور امریکی پیسوں سے فلسطین کو دوبارہ فتح کرنے کا ہے جسے وہ دو ہزار سال پہلے کھو چکے تھے۔ مجھے یہودیوں سے کوئی دشمنی نہیں۔ میں جانتا ہوں کہ مہذب یورپ میں انکے ساتھ بہت برا سلوک ہوا ہے۔ اگر انہوں نے فلسطین کو دوبارہ فتح کرنا ہے تو عربوں کا سامنا، برطانوی اور امریکی مدد کے بغیر کریں”۔ 

قائد اعظم، محمد علی جناح، علیه الرحمه

اپنی وفات (ستمبر 11، 1948) سے دو ہفتے قبل، 27 اگست 1948 کو عید الفطر پر قوم کو یہ پیغام دے گئے؛

“میرا پیغام برادر مسلم ممالک کو دوستی اور نیک تمناوں کا ہے۔ ہم ایک خطرناک دور سے گزر رہے ہیں۔ فلسطین، انڈونیشیا اور کشمیر میں طاقت اور اقتدار کا کھیل کھیلا جا رہا ہے جو ہماری آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہیں۔ اسکا مقابلہ ہم متحد اور یک زباں ہو کر ہی عالمی ضمیر تک پہنچا سکتے ہیں”
قائد اعظم اس دنیا سے پردہ کرگئے مگر فلسطین کا مسئلہ ان کے دل و دماغ پر چھایا رہا۔ کاش، ہمارا میڈیا تاریخ کے دریچوں میں جھانک کر کچھ سبق حاصل کرے، اور اپنے آپ سے سوال کرے؛ کہ کیا وہ ہمیں متحد کر رہا ہے یا منتشر؟ کیا صحافت کی آڑ میں ہمیں دیگر موضوعات میں الجھا کر مخصوص مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ کہیں اندھی تقلید نے اس کو غیروں کا مقتدی تو نہیں بنا دیا؟
مولانا ظفر علی خان صاحب کا یہ شعر میڈیا کے لوگوں کے لیے چھوڑے جاتا ہوں
قلم سے کام تیغ کا، اگر کبھی لیا نہ ہو

تو مجھ سے سیکھ لے یہ فن اور اس میں بے مثال بن

مولانا ظفر علی خان

ہر چند، سلام سندیلوی کی یہ بات بھی سامنے آتی ہے

یہ تو معلوم ہے، ان تک نہ صدا پہنچے گی

جانے، کیا سوچ کے آواز دیئے جاتا ہوں


مگر امید پر دنیا قائم ہے۔ ایک آس ہے۔ شاید کہ تیرے دل میں اتر جائے میری بات

_______________________________

ٹویٹر پر اتباع کریں

@periqlytos

ڈان لیکس کے فیصلے کے بعد پاک فوج کی ہمت باندھنے کی ادنی سی کوشش

بسم اللہ الرحمن الرحیم

دیار غیر میں بیٹھے، گزشتہ دن، بدنامِ زمانہ، ڈان لیکس کے قضیے کا فیصلہ دیکھا۔ پہلے ہی مایوسی کیا کم تھی کہ غم کا ایک اور پہاڑ ٹوٹ گیا۔ سوشل میڈیا پر گیا، تو اس پر پاک فوج کے خلاف تنقید کے پُل بندھے دیکھے۔ ان گناہ گار کانوں نے یہاں تک سنا کہ دخترِ اول کے بچاو کی خاطر ملکی سلامتی کا سودا کردیا گیا- پھر الیکٹرانک میڈیا کا رخ کیا تو پتہ چلا کہ اس نے بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھو کر، اس ناگزیر اقدام کے سیاق و سباق معلوم کیے بغیر، چیف آف آرمی سٹاف، جناب جنرل قمر جاوید باجوہ اور جی ایچ کیو پر  اعتراضات کھڑے کردیے۔ قوم، جو کچھ حد تک، بجا طور پر جہاں فوج کی خاموشی پر بے چین ہے، وہاں زمینی حقائق سے لاعلم ہو کر اپنے ہی اضطراب کو مزید ہوا دے رہی ہے۔

عزیزو! ڈی جی، آئی ایس پی آر، میجر جنرل آصف غفور صاحب کی پریس کانفرنس ایک بار پھر دیکھئیے۔ ان کے چہرے کے تاثرات، آپکو فوج کے ہر حاضر سروس اور ریٹائرڈ شخص کے احساسات کا پتہ دیں گے۔ اگر  چاہیں تو آپکو آپریشن ضربِ عضب کے ایام کی یاد دلاتا ہوں۔ اس وقت، پاک فوج کے ترجمان، جنرل عاصم سلیم باجوہ نے آپریشن کی کامیابی کے لیے جو فرمایا تھا، ذرا ملاحظہ کیجئیے۔

 

میں چاھتا ہوں کہ آپ ان کی دوسری ٹویٹ کا سکرین شاٹ دوبارہ دیکھیں۔ اسکا آسان اردو میں ترجمہ یہ ہے

“قوم، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تاہم، چیف آف آرمی سٹاف (جنرل راحیل شریف) نے “ہم پلہ” گورننس کی ضرورت پر زور دیا ہے”۔ مطلب یہ کہ فوج آپریشن سے قبل، شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف تمام ثبوت اکٹھے کرچکی ہے۔ اب جس تیز رفتاری کے ساتھ فوج آپریشن کے نتیجے میں گرفتاریاں کر رہی ہے، عدالتوں کو بھی اسی رفتار سے سزا سنا کر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاھئیے، تا وقت یہ کہ ان مجرموں کے سہولت کاروں تک سے بھی نمٹ لیا جائے۔ یہی آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کی کنجی ہے۔ سادہ الفاظ میں، تمام نیشنل ایکشن پلان کو جنرل عاصم باجوہ نے دو ٹویٹس میں سمو دیا۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا گورننس بہتر کرنا فوجی اداروں کا کام ہے یا سویلین اداروں کا؟ اسکا جواب، آپ بخوبی جانتے ہیں۔ 

اگر عدالتیں کام کر رہی ہوتیں، اور پانامہ قضئیے کا درست فیصلہ سامنے آتا، تو نہ صرف ملک میں امن عامہ ہوتا بلکہ دشمن محاذ کھولنے کی جرات نہ کرتا۔ مگر عدم انصاف نے ملک میں اندرونی اضطراب و خلفشار کو جنم دیا۔ ملک کے دشمن بھی ناگفتہ بہ حالات دیکھ کر شیر ہوگئے۔ ایل او سی اور چمن بارڈر پر حملے شروع ہوگئے- زخموں پر نمک پاشی کا کام پاک ایرانی سرحد پر کشیدگی نے کردیا۔ اسی اثناء میں کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان آپریشن اور سب سے بڑھ کر، آپریشن رد الفساد بھی شروع ہوا۔ مردم شماری کا بیڑا بھی فوج نے نہ چاھتے ہوئے اٹھایا۔ یہی تکالیف کیا کم تھیں کہ سجن جندال کی پاکستان آمد نے ڈان لیکس کے لیے مسئائل کھڑے کردئیے۔ تمام حقائق اور ذمہ داران کی نشاندہی ہونے کے باوجود فوج ایک قدم پیچھے محض اس لیے ہٹی کہ ملک خداداد میں آگ ہر جانب لگی ہے اور بجھنے کا نام نہیں لے رہی۔ شاید فوج کلبھوشن یاداو کی پھانسی تک اس قضئیے سے دور رہے۔ 

میری عوام اور میڈیا سے صرف ایک گزارش ہے؛ تنقید فوج پر اس وقت کریں جب آپ خود ان کی جگہ پر ہوں، ہر محاذ پر خود لڑیں، دشمن کا صفایا خود کریں، بھوکے پیٹ خود سوئیں، جان آپ کی جائے، معذور آپ ہوں، اپنے پاوں پر خود کھڑے ہوں اور خود ہمت کریں۔ اگر نہیں، تو اپنی زبانوں کو لگام دے کر رکھیں۔ ہر قسم کی قربانی فوج دے اور آپ کی گالیاں اور شتائم کا نشانہ بھی وہ بنے؟ میڈیا اینکرز اور سرخی پاوڈر لگانے والوں سے صرف ایک ہی سوال کرتا ہوں۔ اپنا ماضی ٹٹول کر اور اپنے آپ کو چبھتی حقیقت کے آئینے کے آگے رکھ کر اپنے آپ سے سوال کیجئیے کہ وہ کون تھا جس نے آپکی آواز کو دنیا تک پہنچانے کا سامان کیا؟

براہ کرم، فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں کیونکہ ملک خداداد کو  بچانا ہم سب کا فرض ہے۔ یہ کام وہ اکیلے سر انجام نہیں دے سکتے۔ پاک فوج اور پاکستانی عوام یک جان، دو قالب ہیں۔ ہمیشہ ان کی کامیابی کے لیے دعا گو رہیں۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاھئیے کہ جب قوم ناامید تھی تو اسکو سہارا فوج نے دیا۔ آج وہ خود آزمائش سے دو چار ہیں تو ہمیں چاھئیے کہ ان کی ہمت باندھیں، نہ کہ نکتہ چینی کرکے اور انہیں زک پہنچا کر انکی مشکلوں میں اضافے کا باعث بنیں- قرآنِ مجید کی مندرجہ ذیل آیات پڑھئیے اور فوج کے ساتھ قدم ملا کر ملک کو آگے بڑھائیے۔

اے لوگو، جو ایمان لائے ہو! اپنے دفاع کا سامان پکڑو۔ پھر گروه بن کر کوچ کرو یا سب کے سب اکٹھے ہو کر نکلو۔

اور یقیناً تم میں ایک شخص وه ہے جو حیلے بہانے کرتا ہے، اگر اللہ تمہیں کسی آزمائش سے دو چار کرے، تو کہتا ہے کہ اللہ نے مجھ پر بڑا فضل کیا کہ میں ان کے ساتھ موجود نہ تھا۔

اور اگر تمہیں اللہ (آزمائش کے بعد) فتح یاب کرے تو اس (حیلے بہانے کرنے والے) کی کیفئیت یہ ہوتی ہے کہ تم میں اور اس کے درمیان کبھی تعلق تھا ہی نہیں، وہ (ٹھنڈی آہ بھر کر) کہتا ہے کہ اے کاش! اگر میں بھی ان کے ہمراه ہوتا تو بڑی کامیابی کو پہنچتا۔ (النساء: 71 تا 73

اب یہ آپ پر ہے کہ کس گروہ کا حصہ بننا چاھتے ہیں؛ اس کا، جسے اللہ آزمائش میں ڈال کر کر کامیاب کرتا ہے یا اسکا، جو ٹھٹھہ، مذاق اور بہانہ جوئی کے بعد کفِ افسوس مَلتا ہے۔ فیصلہ آپ پر چھوڑتا ہوں۔

پاک فوج زندہ باد

پاکستان پائندہ باد

____________________________

ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

@periqlytos

پانامہ کیس اور عدلیہ

1200px-Emblem_of_the_Supreme_Court_of_Pakistan.svg

بسم اللہ الرحمن الرحیم


مجھ نادان و انجان کو کچھ عرصے سے میڈیا کی بدولت ایک فقرہ سننے کو ملتا تھا کہ “عدلیہ پر بات نہیں کی جا سکتی، ان کے فیصلوں پر تبصرہ کیا جا سکتا ہے”۔ پھر خیال آیا کہ جب دینِ کامل کے حساس مسئلوں  پر ہر کس و ناکس، بخت آزمائی کرکے اپنے آپ کو دانشور کہلانے کی جستجو میں مگن ہے تو کیا عدلیہ دین سے بالاتر ہے کہ اس پر لب کشائی و خامہ فرسائی کو ناقابل بخشش جرم سمجھ کر چپ سادھ لی جائے؟ یہ سوال میں جس پس منظر کو سامنے رکھ کر اٹھا رہا ہوں، اس سے ہم سب واقف ہیں۔ جی ہاں، میرا واضح اشارہ پانامہ کیس کے فیصلے کی جانب ہے جس نے عدلیہ کے کردار کو پوری قوم کے سامنے برہنہ کردیا ہے۔ 

قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں عدل پر لا تعداد آیات موجود ہیں مگر ایک آیت ایسی ہے جس کا ایک حصہ سپریم کورٹ کے باہر درج ہے “فَاحْكُم بَيْنَ النَّاسِ بِالْحَقِّ”۔ یہ سورة ص کی آیت نمبر 26 ہے۔ مکمل آیت یہ ہے، بعد اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم
يَا دَاوُودُ إِنَّا جَعَلْنَاكَ خَلِيفَةً فِي الْأَرْضِ فَاحْكُم بَيْنَ النَّاسِ بِالْحَقِّ وَلَا تَتَّبِعِ الْهَوَىٰ ‏فَيُضِلَّكَ عَن سَبِيلِ اللَّهِ ۚ إِنَّ الَّذِينَ يَضِلُّونَ عَن سَبِيلِ اللَّهِ لَهُمْ عَذَابٌ شَدِيدٌ بِمَا نَسُوا يَوْمَ الْحِسَابِ

اے داؤد! ہم نے تمہیں زمین پر اپنا نائب بنا کر بھیجا ہے، پس لوگوں میں حق و انصاف پر مبنی فیصلے کیا کرو اور کبھی مصلحتوں کی پیروی نہ کرنا، ‏ورنہ اللہ کے راستے سے بھٹک جاو گے۔ بے شک، جو اللہ کے راستے سے بھٹک جائیں، ان کے لئے سخت عذاب تیار ہے کیونکہ وہ یوم حساب کو بھلا بیٹھے۔

میں عدلیہ کے تمام ججز سے بصد ادب و احترام یہ سوال کرتا ہوں کہ پانامہ کے فیصلے کو مندرجہ بالا آیت کے تناظر میں رکھ کر دیکھئیے۔ اللہ جل شانہ نے کسی اور کو نہیں، آپ کو عدل کی بالا دستی کے لیے چنا، مگر آپ اللہ کے حکم سے ہی رو گردانی کرگئے۔ آپ کی اپنی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی قوم نے آپ پر اعتماد کیا، آپ نے غداروں اور لٹیروں کا ساتھ دیا۔ جنہوں نے عدلیہ پر حملہ کیا، وہ آج ملک کے حکمران، اسکے خزانوں کے مالک اور اسکی تقدیر کے سودائی بن گئے۔  آپ کی حالیہ تاریخ اٹھائیں تو پتہ چلتا ہے کہ قوم نے شخصیات سے نہیں، عدل سے امید لگائی۔ نتیجہ کیا نکلا۔ کیا محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتل پکڑے گئے؟ کیا این آر او کے تحت بخشش پانے والے مجرموں کو سزا ہوئی؟ کیا 2008 کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو سزا ہوئی؟ کیا آئی پی پیز کے نام پر اربوں ڈالر ہڑپنے والوں کے خلاف کارروائی ہوئی، کیا بجلی چوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا، کیا شاہ زیب خان کے قاتل اپنے انجام کو پہنچے، کیا کامران فیصل کو انصاف ملا؟ کیا سنہ 2013 کے انتخابات، جس میں دھاندلی کے واضح ویڈیو ثبوت پوری دنیا نے دیکھے، کیا اس پر کوئی ایکشن ہوا؟ ماڈل ٹاون میں دن دہاڑے چودہ لوگ شہید اور سینکڑوں زخمی کر دیے گئے، اس کیس کا کیا بنا؟ جسٹس باقر علی نجفی کی رپورٹ کیوں دبا دی گئی؟ اور اب پانامہ کیس کا فیصلہ۔ سب سوالوں کا جواب آپ بخوبی جانتے ہیں۔

اس سوال کا جواب ضروری ہے کہ جسٹس جناب عظمت سعید شیخ کیا واقعی ہسپتال میں ایڈمٹ ہوئے تھے یا پسِ پردہ معاملہ کچھ اور تھا۔ اگر یہ بات سچ ثابت ہوجائے کہ کسی حکمت عملی کے تحت پانامہ کا فیصلہ متضاد دیا گیا تو پوری عدلیہ اللہ کی اور قوم کی مجرم ہے۔ اس فیصلے کے بعد عدلیہ مزید کسی قضئیے کی سماعت کا حق کھو دیتی ہے۔ نیز یہ، کہ ملک میں عدم انصاف کی وجہ سے انتشار، قتل و غارت، دہشت گردی، فرقہ وارانہ فساد اور معاشی زبوں حالی کی براہ راست ذمہ دار عدلیہ ہے۔
میری محترم عدلیہ سے ایک گزارش ہے؛ عوام کو آپ کے کسی دعوت میں بیانات  سننے میں کوئی دلچسپی نہیں، اسے عدل کی اشد ضرورت ہے۔ انصاف کرسکتے ہیں تو ایسا کیجئیے کہ فیصلہ اپنی مثال آپ ہو۔ اگر نہیں کر سکتے تو کم از کم سپریم کورٹ کے باہر قرآن مجید کی آیت “فَاحْكُم بَيْنَ النَّاسِ بِالْحَقِّ” کو ہٹا دیجئیے، تاکہ کم از کم آپ توہین قرآن کے مرتکب نہ ہوں۔ عوام الناس کو اتنا احساس ہوچکا ہے کہ انصاف سے امید کی لو آپ کے در پر آ کر بجھ جاتی ہے۔

اپنی تحریر کا خاتمہ صرف اس بات پر کروں گا کہ عدلیہ کا احترام سر آنکھوں پر۔ انکی تضحیک کبھی مقصود نہیں۔ مگر عوام کی لب بستگی اور صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔ وہ کب تک انصاف کی راہ دیکھتے رہے گی۔ بقول (سیف الدین) سیفؔ

سیفؔ، اتنا بھی نہ کر ضبط کہ پھر ان کے حضور

خامشی درد کا اظہار نظر آنے لگے

 @periqlytosٹویٹر پر اتباع کریں۔


قصہ ایک پَتَر کا

تو عزیزو! ایک پَتر کا قصہ ہے جس میں شاہ جی کا بھی حصہ ہے۔ اس کی تحریر بھی کیا خوب ہے۔  مضمون نگاری ایسی، جو حاکم وقت کے لیے آزادی کا پروانہ بن کر پردیس سے آئی ہے۔ پُرشِکستہ سوالوں، روگ، صدموں اور بکھیڑوں سے دور لے جانے کی نوید لانے والا ایسا خط، بھلا ہم اعمالِ عصیاں کے مالک بد نصیبوں کو کہاں ملے۔ یہ کاغز، محض ایک نوِشتہ ہی نہیں، عطار کا شیشہ ثابت ہوکر عصرِ آفریں کی خبر بھی دے رہا ہے۔ ایسی چِٹھی ہمارے فرماں رواوں کو غالبا ہمہ تن حاضری میں کھڑا رکھنے اور حاطب اللیل بننے کی صلاحیت رکھے ہوئے ہے۔ یقیں نہ آئے تو مالکِ تخت کے باد فروشوں سے ہی پوچھ لیجئیے جو کبھی تو اپنی داستانِ حسرت سنا سنا کے روتے ہیں، تو کبھی مکابرے جتلا کر مجادلے کی دھمکی تک دے دیتے ہیں ۔

ایک چیز جو عرصہ اقل سے قابلِ دید رہی، وہ یہ کہ شاہ جی جب باہر جاتے ہیں تو اپنے یدِ مبارک میں ایک عدد پرچی رکھتے ہیں۔ خدا معلوم کہ اس کا کیا سبب۔ مگر حسنِ ظن رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ مکتوب الیہ کی تعریف و توصیف اور محاسن و مہربانیاں ضرور بیان ہوتی ہونگی۔ زمانے کے انداز تو بدلے ہی ہیں، شاید محبت نے یوں انگڑائی لی کہ ان پرچیوں کے عوض مکاتیب کو وقت کی ضرورت سمجھا گیا۔ جس میں جُھگیوں کا کا ذکر خیر ہے۔ شاید اس لئیے کہ چشمِ محاسب کے لیے سند تیار رہے اور بوقتِ ضرورت کام آئے۔

پردیس کے سندیس میں جن بے چھپر و دیوارجھونپڑیوں کا ذکر ہے، اس سے لگتا ہے کہ شاہ جی زمانہ قدیم سے محنت کشی کی ابتغاء و جستجو میں لگی حیاتِ طیبہ گزار رہے ہیں۔ جب ان سے استفسار کیا جائے تو اپنی تنگِ زیست و ناداری کی کہانی کچھ یوں بتاتے ہیں کہ ان کے برحق و بجا اور راست و روا ہونے کا گمان ہونے لگتا ہے۔ ان کا سنایا ہوا دکھڑا، کم از کم اتنا ضرور بتاتا ہے کہ اغیار کے ہاتھوں، گھر چھِننے کے بعد زمین کے ایک حصے میں کی گئی مشقت ایسی سچلتا ہوئی، کہ فرنگستان میں کٹیا اور جھونپڑیاں بنتی ہی چلی گئیں۔ یہ قہر زدہ بپتا سننے کے بعد، اب آپ ہی بتائیے، کیا میں اور آپ، جفا کشی اور جاں فشانی کے اس معیار پر ہزار سالوں تک پہنچے سکتے ہیں؟

کاغز کی وہ دھجی، شاہ جی کے مہان ہونے کا جتنا بڑا ثبوت دیتی ہے، اتنا ایک تلخ حقیقت کی طرف اشارہ بھی کرتی ہے کہ رعایا کو جمع جکڑی کا گُر ہی نہیں آتا۔ وہ اتنی سست الوجود، خمار آلود، بے ہمت اور سہل پسند ہے کہ الامان والحفیظ۔ آلکس  تو ان کی گھٹی میں یوں پڑی ہے کہ بقول اقبال

لہو مجھ کو رلاتی ہے، جوانوں کی تن آسانی

جَنتا خستگی کی علامت کچھ یوں بنی ہوئی ہے کہ ان میں شعوری کا بے دار ہونا ناممکن نظر آتا ہے۔ آگاہی و ادراک سے دور یہ مخلوق اس قدر تجاہل پیشہ ہے کہ اسکے لیے احمق و اَزبک، ابوجھ و اَبلہ، بودم بے دال اور بغلول و بوالفضول جیسے القابات کم پڑجاتے ہیں۔ ان کوڑھ مغز نادانوں کو کب پتہ چلے گا کہ وہ خط محض کاغز کا ٹکڑا ہی نہیں، بلکہ شاہ جی کے بدن سے نور کے پھوٹنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اُن کے نقشِ قدم پر چلنے سے ہی اکتسابِ نور کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے کیونکہ انہی کے دم سے فقر و فقیری کے سبق ملتے ہیں ۔

تحریر کے اختتام پر ایک ادنی سی عرض ہے کہ ہمیشہ پَتر پر نظر رکھیں- اسکا انتظار اتنی شدت سے کریں جتنا اپنے کسی پیارے کے گھر آنے کا کرتے ہیں۔ پدو پدوڑے بننے سے گریز کریں کیونکہ شاہ جی کی طرح  چھپر کے مستحق آپ بھی ہیں۔ شاید آپ کے نصیب میں بھی ایک پھوس کی جھونپڑی آجائے۔ بس اُس خط کو اور فیض کے ان الفاظ کو یاد رکھئیے

واپس نہیں پھیرا کوئی فرمان جنوں کا

تنہا نہیں لَوٹی کبھی آواز جرس کی

خیریتِ جاں، راحتِ تن، صحت داماں

سب بھول گئیں مصلحتیں اہلِ ہوس کی
____________________________

ٹویٹر پر اتباع کیجئیے

@periqlytos

___________________________

 پسِ تحریر: اس مقالے کا حالیہ پانامہ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ کسی بھی قسم کی مماثلت محض اتفاقیہ ہوسکتی ہے۔ تحریر کے مشکل ہونے کی وجہ پانامہ کے قضئیے کا دشوار گزار حد تک محال ہونا ہے۔ امید ہے میری یہ لغزش قابل معافی ہوگی۔ شکریہ